اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں بتدریج بہتری بتا رہی ہے کہ ہم درست سمت میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ٹیکسٹائل پالیسی کی منظوری دے دی ہے اب اس پر عملدرآمد کا کام شروع ہوگا، سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک مجموعی ایکسپورٹ کی پالیسی ہے جو 2 سال قبل منظوری ہوئی تھی، پالیسی کی پوری مدت میں علاقائی سطح پر توانائی کی مسابقتی شرح کو برقرار رکھا جائے گا، میڈ ان پاکستان پالیسی کے فروغ، پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ، انفراسٹرکچر اور سپلائی چین ڈویلپمنٹ، مارکیٹنگ، جغرافیائی تنوع اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ پالیسی کا اہم حصہ ہے، بین الاقوامی سطح پر ٹیکسٹائل شعبہ کی برآمدات بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے، گذشتہ تین سالوں کے دوران ٹیکسٹائل شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے، جون 2022ء تک ٹیکسٹائل کی برآمدات 21 ارب ڈالر تک ہو جائیں گی، رواں سال ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 26 فیصد اضافہ کی توقع ہے۔











