ملتان۔16فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان وژن کو حقیقی روح کے ساتھ عملی جامہ پہنانے کے لیے شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ میں پودا لگانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ملک امین اسلم نے کہا کہ ملتان ایک خوبصورت شہر ہے اور اسے صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لیے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہراولیاء کو سرسبزوشاداب بنانے کے لیے چار اربن میاواکی جنگلات قائم کیے جا رہے ہیں جس کے لیے وفاقی حکومت فنڈز فراہم کر رہی ہے جو وزیراعظم کے بلین ٹری سونامی کا حصہ ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ انہوں نے دو اربن میاواکی جنگلات کا افتتاح کیا ہے جبکہ باقی جنگلات پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں اور امید ظاہر کی کہ ملتان مستقبل میں جنوبی پنجاب کا سیاحتی مرکز بنے گا۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وہ تونسہ کا دورہ بھی کریں گے تاکہ سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے وہاں ایک بلائنڈ ڈولفن نیچر ریزرو تیار کیا جا سکے۔اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لیے گرین اقدامات پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں بین الاقوامی معیار کا نشتر II ہسپتال بھی بنایا جا رہا ہے تاکہ عام لوگوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت کی طرح صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ بھی موجود تھے۔











