اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جمعرات کو وزارت تجارت اور سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام ترشاوہ پھلوں (کنو اور مالٹا) شو 2022 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ویلیو ایڈیشن بڑھانے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جلد امن ہو گا۔ افغانستان کی معیشت بہتر ہو گی تووہاں بھی پاکستانی مصنوعات بالخصوص پھلوں کی مانگ بڑھے گی۔پاکستان ترشاوہ پھل پیدا کرنے والا 11 واں بڑا ملک ہے۔ اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ غذایت پر مبنی پیداوار پر توجہ دی جائے ۔ مصنوعات کی سرٹیفکیشن ہونی چاہیے۔ اسے ویلیو ایڈیشن میں بہتری آئے گی۔ مصنوعات کی کھپت اور قیمت زیادہ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستاسن کی مینگو ڈپلومیسی کامیا ب رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہرچیز کو خوبصورت اور منفرد بنایاہے ۔انسان چیزوں کی پلاسٹک سے پیکنگ کرتا ہے۔ خوبصورت پیکنگ کے ذریعے مصنوعات کو پرکشش بنایا جاتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ویلیو ایڈیشن اور پیداواری لاگت کم کرنے پر توجہ مرکوزکرنی چاہیے۔ پیداواری لاگت کم ہونے سے ہر شخص اسے استعمال کے لئے خرید سکتا ہے ۔ ہمیں مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ کے لئے دنیا کے تجربات سے استفادہ کرناچاہیے۔ ملکی سطح پر ماحولیاتی صورتحال کے تناظر میں تحقیق کر کے بہتر بنایا جا رہاہے۔ مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ اور برآمدات کے فروغ کے لئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لایاجائے۔











