اسلام آباد،17فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمعرات کو یہاں پاکستان افغانستان مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان افغانستان کے مفاد میں بطور سفیر گفتگو کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ویزا پالیسی میں خصوصی نرمی کی گئی ہے، طلبا کے لیے ویزہ پالیسی میں نرمی کے ساتھ ساتھ ویزا کی مدت میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افغان بھائیوں کی مشکلات میں پاکستان افغانستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، افغانستان اور پاکستان کے مابین تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہو گی، افغانستان اور پاکستان نے مل کر آگے بڑھنا ہے، پاکستان اور افغانستان کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے پاک۔افغان فرینڈشپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی بنائی، وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت افغانستان اور پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے، پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارت میں تیزی افغانستان کے ساتھ تجارت میں آسانی پر منحصر ہے، وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔











