وکلاءکے تعاون سے ہی سائلین کوعدالتیں جلد انصاف فراہم کرسکتی ہیں؛ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ  جسٹس محمد امیر بھٹی

61

ملتان،18 فروری (اے پی پی ): چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ  جسٹس محمد امیر بھٹی نے   کہا ہے کہ وکلاءکے تعاون سے ہی سائلین کوعدالتیں جلد انصاف فراہم کرسکتی ہیں۔

ان خیالات  کا  اظہار انہوں نے  ملتان بنچ آمد پر منعقدہ تقریب میں کیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ  جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہاکہ وکلاءکے تعاون سے ہی سائلین کوعدالتیں جلد انصاف فراہم کرسکتی ہیں، پنجاب بھر کی مختلف تحصیلوں اورڈسٹرکٹ کورٹس میں ساڈھے پانچ سو سے زائد سول ججزصاحبان کی سیٹیں خالی ہیں، نوجوان وکلاءٹیسٹ کلیئرنہیں کرپاتے جس کی وجہ سے عدالتوں پرکیسوں کابوجھ ہے، سینئروکلاءاپنے زیرتربیت جونیئروکلاءکوگائیڈ کریں تاکہ وہ ان خالی سیٹیوں پر جج بھرتی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ  حکومت پنجاب ہمیں اس سے بھی زیادہ مزیدججزکی سیٹیں دینے کوتیار ہے ، جونیئروکلاءدل لگی سے اپنے کام پر توجہ دیں توان ساری خالی سیٹوں پر جج تعینات ہوسکتے ہیں ۔

 بنچ آمد  پر سینئرجج  جسٹس ساجد محمود سیٹھی،   جسٹس سہیل ناصر،  جسٹس محمدامجد رفیق،  جسٹس شکیل احمد،   جسٹس عابد حسین چٹھہ،   جسٹس انوار حسین  ،  جسٹس محمد رضا قریشی ،رجسٹرارلاہورہائیکورٹ عرفان سعید، پرنسپل اسٹاف آفیسر ٹو چیف جسٹس محمد یار ولانہ ،سینئر رجسٹرار عرفان صفدر ،ایڈیشنل رجسٹرارکورٹ سیکرٹریٹ ٹوچیف جسٹس محمد شہزادگل اورپروٹوکول آفیسرجاویدسعیدسمیت دیگرنے انکا استقبال کیا۔

اس موقع پر پولیس دستہ نے انہیں سلامی پیش کی جس کے بعد کمیٹی روم میں جنوبی پنجاب کی مختلف بارکے نمائندوں کے وفودنے ملاقات کی اوراپنی اپنی ڈسٹرکٹ و تحصیل بار کودرپیش مسائل بارے آگاہ کیا۔

سورس: وی این ایس، ملتان