فیصل آباد ،19فروری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ کسی بھی ملک کا مستقبل اس کے نوجوانوں اور طالب علموں کے ہاتھ میں ہوتا ہے کیونکہ انہوں نے ہی کل کو تعلیم و تربیت سے فارغ التحصیل ہو کر عملی زندگی میں آنا اور ملک کے مختلف شعبہ جات میں اپنی صلاحیتوں کالوہا منوانا ہوتا ہے اسلئے حکومت اس جانب بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور وزیراعظم عمران خان بھی ملک کے نوجوانوں کے ہاتھ میں اوزاروں کی بجائے قلم کتاب دیکھنا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں کو پروفیشنل ہنر سکھانے کیلئے ٹیکنیکل یونیورسٹیاں قائم کی جارہی ہیں جبکہ احساس پروگرام کے باعث اب کوئی طالبعلم بے وسائل نہیں رہے گا۔
وہ ہفتہ کو گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین مدنی چوک سمن آباد فیصل آباد میں گریجوایشن کرنے والی طالبات کو ڈگریاں اور ایوارڈز تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ کا نووکیشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جتنی بھی طالبات آج ڈگریاں لیکر تعلیم کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھنے جارہی ہیں وہ ان سب کو مبارک پیش کرنے سمیت ان کے بہتر مستقبل کیلئے دعاگو ہیں کیونکہ آج انہیں اپنی محنت کا ثمر مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر موجودہ ملکی اور عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اشد ضروری ہے کہ ہم ایسا ایجوکیشن سسٹم لائیں کہ جس سے ایسے انٹر پرینیورز تیار ہوں جو نوکریاں ڈھونڈھنے کی بجائے نوکریاں دینے والے بن سکیں۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کااس بات پر فوکس ہے کہ جو پڑھنا چاہے وہ دل لگا کر پڑھے اور اسے اپنے مالی وسائل و معاشی مسائل کی فکر نہیں کرنی چاہیے کیونکہ حکومت انہیں اعلیٰ ترین و مطلوبہ تعلیم کی فراہمی اور کیریئر کی تکمیل تک نہ صرف ان کے ساتھ کھڑی بلکہ انہیں تمام وسائل بھی فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سال مستحق، ذہین، کم وسائل26 لاکھ طلبا و طالبات کو 28 ارب روپے مالیت کے سکالر شپ دیئے جا رہے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل گریجوایشن کرنیوالے طلبا کیلئے سکالر شپ پورٹل کا بھی افتتاح کیا ہے لہٰذا اگر کسی طالبعلم کو وظیفے کے بارے میں کسی قسم کی کوئی شکایت ہو تو وہ پورٹل پر اس کا اندراج کرواسکتا ہے جس کا 24 گھنٹے میں ازالہ کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ 26 لاکھ میرٹ سکالر شپ بغیر کسی سفارش کے دیئے جا ئیں گے جس سے کوئی بھی طالبعلم محروم نہیں رہے گا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت معاشرے کے دیگر کم وسائل افراد کی طرح طلبا کو بھی اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور عالمی اداروں نے دنیا بھر میں چلنے والے3400 پروگرامز میں اسے چوتھی پوزیشن سے نوازا ہے جو پی ٹی آئی کی عوام دوست حکومت کے اقدامات کو خراج تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری کے طلبا کو پہلی بار 1500 روپے، مڈل والے کو 3000 روپے اور ہائی و ہائر سیکنڈری والوں کو اس سے بھی زیادہ وظیفہ دیا جا رہا ہے اس طرح اب کسی طالبعلم کو اپنی فیس اور تعلیمی اخراجات کیلئے والدین سے پیسے مانگنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ پہلے کم وسائل والے لوگ اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات کیلئے رقم نہ ہونے پر انہیں گھر بٹھا لیتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یونیورسٹیز اور اعلیٰ پروفیشنل تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے خواتین اپنے زیور اور قیمتی چیزیں بیچ دیتی تھیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا کیونکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ایک ایسا نظام وضع کیا ہے جس میں 45 ہزار روپے سے کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں کا تمام تعلیمی خرچہ حکومت برداشت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز سٹوڈنٹس کو 2 لاکھ سکالر شپ فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ حکومت کا مکمل فوکس تعلیمی نظام کو ٹھیک کرنے پر ہے اسی لئے پرائمری سکولوں کو مڈل، مڈل سکولوں کو ہائی، ہائی سکولوں کو ہائر سیکنڈری سکولوں کے طور پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نہ صرف مسنگ سہولیات کی فراہمی بلکہ مارننگ کے بعد آفٹر نون سسٹم بھی رائج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سکولوں کے بعد ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں بھی ای ٹرانسفر سسٹم رائج کردیا گیا ہے تاکہ تبادلے صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر ہی ہوسکیں۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تعلیم سمیت تمام شعبہ جات میں تقرر و تبادلوں میں شفافیت اور ریفارمز لاتے ہوئے سفارش کلچر کا خاتمہ کیا جا رہا ہے تا کہ ہر حقدار کو اس کا حق مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس ایسی تعلیم پر ہے جس سے 12 کروڑ نوجوانوں کو پروڈکٹو بنانے میں مدد مل سکے جس کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن سسٹم کو بھی فوقیت دی جارہی ہے اور پنجاب میں 3 نئی ٹیکنیکل یونیورسٹیاں قائم کی جارہی ہیں اور ہری پور میں بھی ایک یونیورسٹی قائم کردی گئی ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کامیاب جوان پروگرام اور سکل فا ر آل پروگرام کے تحت 10 ارب روپے خرچ کررہی ہے تاکہ نوجوان ہائی ٹیک سرٹیفکیشن، سافٹ ویئر، ویب میکنگ وغیرہ کی جانب رجحان کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو آزما سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں 10 ارب روپے سے 2 لاکھ سکالر شپ دیئے جا رہے ہیں جن میں سے ایک لاکھ سکالر شپ تقسیم اور باقی ایک لاکھ کی تقسیم کا عمل جاری و ساری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری آئی ٹی کی جو برآمدات پہلے صرف 80 لاکھ ڈالر تھیں وہ اس سال بڑھ کر 3 ارب ڈالر تک ہونے جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا کہنا ہے کہ ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی ذرخیز ہے ساقی جبکہ انہوں اسی نوجوان نسل کو اقبال کا شاہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ افراد ہے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر، ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ۔
فرخ حبیب نے کہا کہ ہمارا ہر عمل ملک و قوم کی بہتری و فلاح اور عوامی خوشحالی کیلئے ہونا چاہیے جس کیلئے ہم سب کو مثبت رویوں کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے سافٹ لونز کا بھی اہتمام کیا ہے لہٰذا جو نوجوان نوکریاں ڈھونڈھنے کی بجائے اپنا کا روبار کرنا چاہتے ہیں وہ 5 سے 10 سالہ مدت کیلئے با آسانی مطلوبہ قرضہ حاصل کرکے اپنے بزنس سٹارٹ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر گریجوایشن کرنیوالی طالبات، ان کے اساتذہ اور والدین کو مبارک باد پیش کی اوران کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بعدازاں انہوں نے طالبات میں ڈگریاں، پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر سربراہ ادارہ، ٹیچنگ سٹاف، طالبات، ان کے والدیں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
سورس: وی این ایس، فیصل آباد











