پشاور، 22 فروری(اے پی پی): سنٹرل جیل پشاور میں آج سے 3 روزہ کھیلوں کا میلہ شروع ہوگیا ہے ، سیکرٹری داخلہ حکومت خیبر پختونخوا خوشحال خان اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خالد عباس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور خالد محمود نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام ضلعی انتظامیہ پشاور اور ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔
پہلے روز کرکٹ اور فٹ بال کے مقابلے ہوئے، عملے اور قیدیوں کے درمیان میوزیکل چیئر اور ٹگ آف وار کا انعقاد کیا گیا۔ پشتو ثقافتی سرگرمیاں بھی اس تقریب کا حصہ تھیں جن سے قیدیوں اور عملے نے خوب لطف اٹھایا۔
واضح رہے کہ تین روزہ سپورٹس ایونٹ قیدیوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے مفید ثابت ہو گا اور قیدیوں کو مفید سرگرمیوں میں مشغول کرے گا۔











