تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا شجرکاری میں شامل ہونا خوش آئند ہے،اعجاز حسین جنجوعہ

40

ملتان،23فروری(اے پی پی):چیئرمین پی ایچ اے ملتان اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا  ہے کہ شہر میں رواں موسم بہار میں ہزاروں درختوں کی شجرکاری کریں گے،تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا شجرکاری میں شامل ہونا خوش آئند ہے۔وزیراعظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین وژن کے تحت شہر بھر میں پارکوں اور گرین بیلٹس پر شجرکاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اُنھوں نے ان خیالات کا اظہارجناح پارک میں ایم پی اے جاوید انصاری کے ہمراہ پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر پلکن کے درختوں کی شجرکاری کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس چوہدری غلام نبی اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سعد قریشی بھی موجود تھے۔

اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ شہر میں پارکوں کی از سر نو بحالی اور نئے پارکوں کی تعمیر کے لیئے بھی کوشاں ہیں اُنھوں نے مزید کہا کہ گرین بیلٹس اور پارکوں میں موسم بہار میں بھرپور  شجرکاری کریں گے۔

ایم پی اے جاوید اختر انصاری نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین بارے اقدامات زبردست ہیں۔سکولوں اور کالجوں میں بھی بچوں کو درختوں کی افادیت اور حفاظت بارے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔آلودگی کے خاتمے کے لئے درختوں کی شجرکاری موجودہ دور میں نا گزیر ہے۔شہریوں سے اپیل ہے کہ شجرکاری کے فروغ کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔