اوکاڑہ،24فروری(اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر فارقلیط نے کہا ہے کہ فنون لطیفہ کی ترویج و ترقی اعتدال پسند معاشروں کی عکاس ہے، علم و ہنر اور خداداد صلاحیتوں کے اظہار کے لئے برش ،قلم اور کینوس کا استعمال طالب علموں کی فنکارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، فائن آرٹس سے وابستہ لوگ معاشرہ کا سافٹ امیج ابھارنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر فارقلیط نے اوکاڑہ یونیورسٹی کے فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ اور سکول ایجوکیشن اوکاڑہ کے طلبا ء وطالبات کی جانب سے جشن بہاراں کے تیسرے دن آرٹس کونسل اوکاڑہ میں ہونے والے مصوری اور کیلی گرافی مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ آرٹس کونسل اوکاڑہ میں ہونے والے مصوری اور کیلی گرافی کے مقابلوں میں اوکاڑہ یونیورسٹی اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے طالب علموں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کیا ۔ انہوں نے قرآن پاک کی آیات اور قدرتی مناظر کی تصویر کشی کی ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر فارقلیط اور یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ کی پروفیسر انعم نے طالب علموں کے فن پاروں کا بھی جائزہ لیا اور ان کے کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم اپنی صلاحیتوں سے نہ صرف اپنے ادارے کا نام روشن کریں گے بلکہ پاکستان کے لئے بھی خوش بختی اور تکریم کا باعث بنیں گے ۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل حماد احمد چیمہ نے بھی جشن بہاراں میں آرٹس کونسل کی ذمہ داریوں اور انتظامات سے متعلق بریفنگ دی ۔











