پشاور، 24 فروری (اے پی پی): گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ وفاقی انشورنس محتسب کی انشورنس پالیسی ہولڈرز اور انشورنس کمپنیوں کے مابین مسائل کو باہمی رضامندی سے حل کرنے کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں وفاقی انشورنس محتسب کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کے دوران کیا جسمیں گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے کہا کہ وفاقی انشورنس محتسب عوام کو انشورنس کلیمز کیلئے بروقت فوری بلامعاوضہ انصاف کی فراہمی کیلئے اہم ادارہ ہے، اسلئے ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام میں اس ادارے کی اہمیت سے متعلق آگاہی انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ عوام کو انشورنس فراڈز اور انشورنس کلیمز کے مسائل کے حل کیلئے فوری خدمات مہیا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ انشورنس پالیسی میں مکمل شفافیت یقینی ہونی ضروری ہے، اسلئے وفاقی انشورنس محتسب کا ادارہ ایسے اقدامات اٹھائے کہ عوام کو انشورنس پالیسیز اور کلیمز سے متعلق پہلے سے ہی مکمل حقائق معلوم ہوں۔
وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشورنس پالیسیز اسلامی نکتہ نظر سے ہونی چاہئیں، وفاقی انشورنس محتسب کا ادارہ انشورنس انڈسٹری اور انشورنس پالیسی ہولڈرز کے درمیان اعتماد کا کردار ادا کر رہا ہے، اسلئے وفاقی انشورنس محتسب کی انشورنس کلیمز کے مسائل کو مل بیٹھ کر باہمی رضامندی سے حل کرنے کی پالیسی بہترین اقدام ہے۔
تقریب میں وفاقی انشورنس محتسب کیجانب سے عوام کو انشورنس کلیمز سے متعلق مفت و فوری انصاف کی فراہمی، ادارے کی اہمیت و آگاہی پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، جبکہ ڈائریکٹر جنرل وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر خاور جمیل نے ادارے کی اہمیت، اغراض و مقاصد اور مجموعی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔











