دنیا کا مستقبل کاربن کو کم کرنے اور قدرتی ماحول کے قریب ہونے میں ہے؛ ملک امین اسلم

8

اسلام آباد، 24 فروری (اے پی پی ): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ  دنیا کا مستقبل کاربن کو کم کرنے اور قدرتی ماحول کے قریب ہونے میں ہے،26  کمپنیاں پاکستان میں قابل تجدید توانائی  پر ایکشن پلان شروع کر رہی ہیں۔

جمعرات کو یہاں عبوری چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) فوڈ پانڈا منتقا پراچہ، سی ای او جولٹا الیکٹرک عثمان شیخ اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی جودت ایاز کے ہمراہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امین اسلم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدام ماحولیاتی تحفظ اور صفائی کو یقینی بنانے کے لیے کلین گرین پاکستان موومنٹ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی کو بھرپور کوششوں کے بعد منظور کیا گیا اور اس کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں جیسا کہ ملک کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی ای وہیکلز کو اپنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارم کے حکام نے بتایا ہے کہ ان کے پاس 50,000 موٹر سائیکلوں کا سب سے بڑا بائیکرز بیڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی اپنے بائیکرز کو بینک کے ذریعے کچھ مدد کے ساتھ اپنی بائک کو ای وی پر تبدیل کرنے کی سہولت پیشکش کرے گی۔

ملک  امین اسلم نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے متعدد نجی شراکت داروں کے ساتھ مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں لیکن فوڈ پانڈ کے ساتھ ایم او یو واحد ہے جس پر اتنی تیزی سے عمل درآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ عوام میں ماحول دوست فطرت کو فروغ دینے کے لیے ای بائک کا رنگ سبز ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گلاسگو میں منعقدہ COP-26 میں دو درجن سے زیادہ پاکستانی کمپنیوں (26) نے رضاکارانہ طور پر زیرو کاربن پر جانے کا عہد کیا تھا جبکہ اس تعداد کو 2030 تک 100 تک بڑھایا جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ترقی پذیر ملک ہے جس نے رضاکارانہ طور پر یہ عہد کیا اور خالص صفر گروپوں کے اتحاد میں شامل ہوا ہے، پاکستان اس کوشش میں دنیا کی قیادت کر رہا ہے۔

 وزیراعظم کے معاون خصوصی  ملک  امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسیاں فطرت دوست اور زیرو کاربن ویژن پر مبنی ہیں۔ ای بائک کا اقدام بالواسطہ طور پر ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے کلین گرین ایجنڈے میں اہم ثابت ہو گا۔ فوڈ پانڈا نے اپنے رائیڈرز کے بیڑے میں پانچ ای بائک شامل کی ہیں تاکہ ماحول دوست ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا سکے، برقی بائیکس کی کامیابی کے تناسب کا جائزہ لینے کے بعد تعداد کو بڑھایا جائے گا۔