برسلز ،25فروری (اے پی پی):یورپی یونین ، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف کے دورہ سمیت حالیہ اعلیٰ سطح کے دوروں نے بیلجیئم، یورپی یونین اور نیٹو کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو بیلجئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے چودھویں ماہانہ آن لائن کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سفیرِ نے کمیونٹی کو موثر قونصلر خدمات فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف کے دورے سمیت برسلز میں حالیہ اعلیٰ سطحی مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ان دوروں نے بیلجیئم، یورپی یونین اور نیٹو کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے سفارتخانے کی جانب سے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کی وضاحت کی جس میں اہم اداروں، بااثر رائے سازوں اور میڈیا کے ساتھ مصروفیات شامل ہیں تاکہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا جا سکے۔
سفیر ِنے 24 فروری 2022 سے ملک میں آنے والے مسافروں کے لیے حکومت کی نظرثانی شدہ پالیسی پر اطمینان کا اظہار کیا، خاص طور پر مکمل طور پر ویکسین لگوا کر جانے والے مسافروں کے لیے پری بورڈنگ منفی پی سی آر ٹیسٹ کی شرط کے خاتمے اور 12 سے 18 سال کے درمیان کے مسافروں کے لیے لازمی ویکسینیشن سے 31 مارچ 2022تک چھوٹ کے اقدامات پر مزید اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے کمیونٹی ممبران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں ۔
سفیرِ نے اعلان کیا کہ مقامی حکام کی جانب سے کووڈ- 19 کی پابندیوں میں نرمی کی وجہ سے 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی تقریب چانسری میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کمیونٹی کے افراد کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔