فیصل آباد ،26فروری (اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل نادرا ریجنل سرگودھا نوید جان صاحبزادہ نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی فیصل آباد و سرگودھا ریجن کوریجن کے تمام 9 اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر وغیرہ میں جون 2019سے شروع کرکے تقریباً اڑھائی سال کے دوران اب تک منعقد کی گئی کل 76کھلی کچہریوں میں موصولہ کل 671 شکایات میں سے638 شکایات حل کردی گئیں جبکہ باقی 33 شکایات کے ازالہ کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں اور ان کے تدارک میں تاخیر کی ایک وجہ یہ ہے کہ سائلین کی شکایات کے حوالے سے ان سے کچھ دستاویزات اور چند درکار معلومات مانگی گئی تھیں جو ان کی طرف سے رفاہم نہیں کی گئیں اور کئی سائلین شکایات درج کرانے کے بعد ہم سے رابطہ بھی نہیں کر رہے لہٰذا اب ہم خود ان سے رابطہ کر رہے ہیں تاکہ وہ آئیں اور مطلوبہ معلومات فراہم کرکے اپنی شکایات کا تدارک کروائیں نیز ان میں بعض شکایات ایسی بھی ہیں جس میں کچھ دوسرے محکمے بھی انوالو ہیں لہٰذا ان سے بھی رپورٹس طلب کی گئیں جن کی فراہمی میں کچھ تاخیر ہو رہی ہے اسلئے اب ہم ان سے بھی کو آرڈینیشن کر رہے ہیں تاکہ ان شکایات کو جلد از جلد نمٹانے میں مدد مل سکے۔
یہ بات ڈائریکٹر جنرل نادرا ریجنل سرگودھا نوید جان صاحبزادہ نے نادرا ہیڈ کوارٹر فیصل آباد میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب میں کہی۔ اس مواقع پر نادرا کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب تک پورے ریجن کے 9 اضلاع میں 76 کھلی کچہریاں منعقد کر چکے ہیں اور یہ 77 ویں کھلی کچہری ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے شہریوں کے نادرا سے متعلق مسائل کے بروقت حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقادانتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسی طرح دیگر اضلاع میں بھی کھلی کچہریاں تسلسل کے ساتھ منعقد کی جارہی ہیں جن کا مقصد حکومت کے ویژن کے مطابق شہریوں کے نادرا سے متعلق مسائل کا فوری حل ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نادرا ریجنل سرگودھا نوید جان صاحبزادہ نے کہا کہ وہ نادرا فیصل آباد کے دونوں زونز کی مینجمنٹ کو مبارکبادپیش کرتے ہیں کہ انہوں نے بہترین طریقے سے کھلی کچہری کا انعقاداور یہاں پربراہ راست پبلک کے مسائل سننے سمیت ان کو فوری حل کرنے کیلئے نادرا کی طرف سے موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ سب کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ یہ صرف نام کی کھلی کچہری نہیں بلکہ انکا یہ ایمان اور عزم ہے کہ نادرا کی طرف سے نادرا ریجن ہیڈ آفس سرگودھاو فیصل آباد اور اس پورے ریجن کے جو 9 اضلاع ہیں ان کے لوگوں کے مسائل فوری حل کئے جائیں جس کیلئے وہ ان تمام اضلاع میں جاکر پبلک کے مسائل سننے کیلئے دستیاب رہیں گے اور موقع پر ہی شہریوں کے مسائل کو حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اس سلسلے کی 77 ویں کھلی کچہری ہے جن کا آغازجون 2019 میں کیاگیا تھا۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اڑھائی سال ہوگئے ہیں لیکن فیصل آباد میں پبلک کے ساتھ فیس ٹو فیس کھلی کچہری کا یہ پہلا موقع ملا ہے کیونکہ پہلے کورونا کی عالمی وبا کے باعث احتیاطی، حفاظتی و تدارکی تدابیر کے تحت کورونا ایس او پیز کی وجہ سے فیس ٹو فیس کچہری نہیں لگائی جاسکی تاہم اس سے قبل وہ فیصل آباد میں ریڈیو پاکستان اور ایف ایم 101 کے ذریعے 12 سے14 پروگرام کرچکے ہیں اوریہاں ہرمہینے ریڈیو پروگرام کے ذریعے لوگوں کے مسائل سنتے تھے،سامعین کی فون کالز لی جاتی تھیں اور ان کے مسائل سننے سمیت ان کے فوری حل کیلئے اقدامات کئے جا تے تھے۔اسی طرح دیگر اضلاع میں بھی کورونا کی پابندیوں کے باعث ریڈیو کے ذریعے لوگوں کے مسائل سنتے اور انہیں حل کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کے بہت شکر گزار ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں موقع دیا کہ وہ فیس ٹو فیس لوگوں کے نادرا کے بارے میں مسائل سن کر انہیں موقع پر ہی حل کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ اڑھائی سال میں صرف671 شکایات نادرا کی کارکردگی کی عکاس ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ اسے زیرو نمبرنگ پر لا یا جا ئے جس کیلئے دن رات کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ باقی شکایات کے ازالہ کیلئے خود باقی اداروں کے ساتھ کو آرڈینیشن میں ہیں لہٰذا انہیں بھی جلد حل کروائیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل نادرا ریجنل سرگودھا نوید جان صاحبزادہ نے کہا کہ گزشتہ ماہ بھکر میں کھلی کچہری لگائی گئی تھی اور اس ماہ فیصل آباد میں اس کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ اگلے ماہ کسی اور ضلع میں کھلی کچہری منعقد کی جا ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سائلین کے مسائل کیلئے ہمہ وقت دستیاب ہیں لہٰذا ان سے کسی بھی وقت بلا جھجک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
بعدازاں انہوں نے نادرا سے متعلقہ شہریوں کی شکایات سنیں اور ان کے فوری ازالہ کیلئے موقع پر ہی احکامات جا ری کئے۔
سورس؛وی این ایس، فیصل آباد











