شہر اولیاء کی ٹریفک منیجمنٹ کیلئے انتظامیہ،پولیس کی مشترکہ حکمت عملی

34

ملتان،28 فروری(اے پی پی):شہر اولیاء کی ٹریفک منیجمنٹ کیلئے انتظامیہ،پولیس کی مشترکہ حکمت عملی،مرکزی شاہراہوں پر غیر ضروری یوٹرن،روڈ کٹ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے پہلے مرحلے میں 6 مرکزی شاہراہوں کو بطور ماڈل سلیکٹ کرلیا گیا ہے کمشنر نےہر شاہراہ کیلئے ٹیم نوٹیفائی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

 کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت پولیس و انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ماڈل روڈز پر پارکنگ کرنے  اور ریڑھیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی،حسین آگاہی بازار کے باہر سرخ لائن سے ریڑھیوں کی حدود مقرر کی جائے گی اور ہوٹلز کی کرسیاں سڑکوں پر رکھنے پر بھی پابندی ہوگی۔

آر پی او جاوید اکبر ریاض نے کہا پولیس افسران ٹریفک کنٹرول بارے بھرپور معاونت فراہم کریں گے،اہم شاہراہوں پر ٹریفک پولیس تعینات کئے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بوسن روڈ،نشتر روڈ اور گھنٹہ گھر سمیت مصروف شاہراہوں پر پلان نافذ کرینگے،نشتر روڈ پر ایمبولینس کو رجسٹرڈ سٹینڈ مہیا کرینگے،ایمولینس کرایہ میکنزم مانیٹرنگ کیلئے رجسٹریشن ضروری ہے۔

سی پی او  نے کہا تجاوزات،بے ہنگم ٹریفک نے شہر کا حسن گہنا دیا ہے برینڈ روڈ گلگشت پر گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ روکنے کیلئے پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔

سی ٹی او جلیل عمران نے تفصیلی بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر، بھی شریک تھے اورکارپوریشن، ایم ڈی اے کے حکام بھی شریک ہوئے۔