بلاول لانگ مارچ پر نکلے ہیں لیکن سہارا سرکار کا لے رہے ہیں، سرکاری مشینری سے پیپلز پارٹی کے جھنڈے لگوائے جا رہے ہیں ؛ وزیر خارجہ  مخدوم شاہ محمود قریشی

13

رتو ڈیرو، 28 فروری (اے پی پی ): پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وفاقی  وزیر خارجہ  مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول لانگ مارچ پر نکلے ہیں لیکن سہارا سرکار کا لے رہے ہیں، پولیس اہلکاروں اور سرکاری مشینری سے پیپلز پارٹی کے جھنڈے لگوائے جا رہے ہیں، جب سیاسی  جماعتیں زندہ ہوتی ہیں تو ان کے کارکن خود میدان میں نکلتے ہیں، بلاول تم سندھ سرکار کی بیساکھیاں چھوڑ دو۔

ان  خیالات کا  اظہار وزیر خارجہ  مخدوم شاہ محمود قریشی نے  پیر  کو  پاکستان تحریک انصاف  کے حقوق سندھ مارچ کے  جیكب آباد سے لاڑكانہ کے قریب رتو ڈیرو پہنچنے پر   ریلی   سے  خطاب  کرتے  ہوئے کیا، مارچ کے شرکا پر پھولوں کی پتیاں نچھاور  کی  گئیں  اور  انکا  شاندار استقبال کیا گیا ۔

وفاقی  وزیر خارجہ  مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  میں آج اللہ کا شکر بجا لانا چاہتا ہوں، آج سندھ میں جو دیکھ رہا ہوں، مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا، یہ وہ دھرتی ہے جہاں پیپلزپارٹی کے علاوہ کوئی اور  جھنڈا دکھائی نہیں دیتا تھا، ایوب خان، ضیاء الحق،اور پرویز مشرف کے دور میں بھی یہاں صرف پیپلز پارٹی کے جھنڈے  لہراتے رہے، لیکن آج مجھے پیپلزپارٹی کے مقابل میں ہر طرف پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈے دکھائی دے رہے ہیں، یہاں جو تبدیلی مجھے دکھائی دے رہی ہے اس کا ذمہ دار آصف علی زرداری ہے، كیونكہ یہاں کے لوگ زرداری سے تنگ آکر دیگر جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس علاقے کے سخاوت راجپوت کا کیا گناہ تھا، سیاست میں اختلافات ہوتے ہیں۔سندھ کی تقدیر بدلنے کا وقت آ گیا ہے، نوجوانو، سندھ اس وقت بدلے گا جب سوچ بدلے گی۔انہوں نے لوگوں سے سوال کیا کہ قنمبر والو کیا پچھلے پندرہ سالوں میں آپ کے مسائل ہوئے؟ بلاول تین سال کا حساب ہم سے لے لو اور پندرہ سال کا حساب ہمیں دے دو، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ نوجوانو فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ مستقبل کس کے ہاتھ میں دینا ہے۔میں پاکستان کے دانشوروں، لکھاریوں اور میڈیا والوں، سب سے کہہ رہا ہوں کہ بلاول اسلام آباد آ رہا ہے، عمران خان اور آصف زرداری کو آمنے سامنے بٹھاتے ہیں، ہم تین سال کا حساب دیں گے آپ کو پندرہ سال کا حساب دینا ہو گا۔

شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ    صبح پیپلز پارٹی کے ایک وزیر کہہ رہے تھے کہ تحریک انصاف کا مارچ ہمیں لٹل لٹل دکھائی دے رہا ہے،  یہی لٹل لٹل مارچ تمھیں “بی لٹل” کرنے کیلئے سندھ میں داخل ہو گیا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر اور پی ٹی  آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے بھی مارچ کے شرکا سے خطاب کیا ۔ کل منگل کو لاڑكانہ میں بہت بڑا جلسہ منعقد ہوگا ۔