لاہور،2مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ ماہ مقدس میں کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا، رمضان بازاروں میں اشیا ضروریہ سال 2021 کی قیمتوں کے مطابق فراہم کی جائیں گی اور اس مقصد کے لئے سبسڈی پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان پیکیج کو حتمی شکل دینے کے لئے وزارتی کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران صوبے بھر میں 317 رمضان بازار لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔رمضان بازار 25 شعبان سے آپریشنل جبکہ21 رمضان سے رمضان بازار عید بازاروں میں تبدیل ہونگے۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران آٹا، چینی، دالیں، گھی اور دیگر اشیا ضروریہ پر سبسڈی کی فراہمی کی مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔رمضان پیکیج کے حوالے سے حتمی سفارشات جلد پنجاب کابینہ کو منظوری کے لئے بھجوائی جائیں گی۔
صوبائی وزیر تجارت میاں اسلم اقبال اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کاموثر نظام بنایا جائے گا۔ ماہ مقدس میں کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں عوام کی سہولت کے لئے زیادہ سے زیادہ کا ئونٹرز بنائیں جائیں گے۔
صوبائی وزرا حسین جہانیاں گردیزی، حسنین بہادر دریشک، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کین کمشنر اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔











