میر پور خاص،3مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں، پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کردار کرنے کے لئے تیار ہے۔پولینڈ، ہنگری اور رومانیہ نے یوکرین میں موجود پاکستانی طلباء کی مدد کے لیے تائید اور حمایت کا یقین دلایا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس میں کیا۔ شا ہ محمود قریشی نے کہا کہ میری یورپی یونین کے وا ئس پریذیڈنٹ سے فون پر بات ہوئی، یوکرین کی صورتحال پر ہمارا تبادلہ خیال ہوا میں نے پاکستان کا موقف ان کے سامنے رکھاہم دونوں اس بات پر متفق ہوئے کہ آگے بڑھنے کا راستہ بات چیت اور سفارتکاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے کہا جنگ مسائل کا حل نہیں، ہم نے 80 ہزار سے زیادہ جانوں کے نذرانے دیے ہیں ، یوکرین کی جنگ بڑھی تو یورپ کی معیشت پر منفی اثر پڑے گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے،روما نیہ کے وزیرخارجہ سے بھی میری بات ہوئی ہے، اپنے طلبا کے بحفاظت انخلا پر گفتگو ہوئی ہے، بھارتی طلبا کو بھی پاکستانی سفارتخانے نے کھانا کھلایا اوران کی مدد کی۔











