لاہور، 4مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب ایمرجنسی کونسل کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب ایمرجنسی سروس ایمپلائز ریگولیشن2022ء کی اصولی منظوری دی گئی۔
اجلاس نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کو پنجاب ایمرجنسی سروس ایمپلائز ریگولیشن2022ء کے مسودے کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی دی اور ریسکیورز کیلئے رسک الاؤنس کی منظوری بھی دی گئی۔ریسکیورز کو ایک بنیادی تنخواہ کے برابر ریسکیور رسک الاؤنس ملے گا جبکہ محکمہ خزانہ کو رسک الاؤنس کے حوالے سے ضروری اقدامات کی ہدایت دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں موٹر بائیکس ریسکیو سروس کا دائرہ کار مزید27 اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے،جولائی تک پنجاب کے تمام اضلاع میں موٹر بائیکس ایمرجنسی ایمبولینس سروس شروع ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122سروس کو جدید خطوط پر استوار کیاہے،سابق حکومت نے اس اہم ادارے کو یکسر نظر انداز کیے رکھا، 8برس تک پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس نہ بلایاگیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت نے ایمرجنسی سروس کو سٹریم لائن کیا ہے، 2015ء کے بعد پہلی بارنئی 258 ایمبولینس ریسکیو 1122 کوفراہم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس بھی شروع کی جارہی ہے۔
اجلاس میں ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ریسکیو سروس کو مضبوط بنانے کیلئے تعاون فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہیں –
اجلاس میں ریسکیو1122کی کارکردگی کو سراہا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت،اراکین پنجاب اسمبلی مسرت چیمہ،خدیجہ عمر،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیراوراعلی افسران نے شرکت کی۔