پشاور، 4مارچ(اے پی پی): وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد ، وزیر تعلیم کامران بنگش اور کمشنر پشاور یاض محسود نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے پشاور دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ زخمیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کر رہے ہیں،وزیر صحت نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور تمام میڈیکل، پیرا میڈیکل اور دیگر متعلقہ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، ساتھ ہی تمام تر متعلقہ سہولیات فراہم کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں سے آہنی ہاتھ نمٹیں گے، بزدل شرپسند عناصر ہی ایسا فعل سرانجام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق یہ خودکش حملہ تھا جس میں اب تک 30 افراد کے جان بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 80 افراد کی زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔
سورس: وی این ایس، پشاور











