لاہور؛ 8 مارچ ( اے پی پی ) وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کا اجلاس ہوا۔صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، اے سی ایس ہوم اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں 10 سے 12 مارچ کو ہارس اینڈ کیٹل شو کے سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےوزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ نے کہا کہ میلہ مویشیاں و اسپاں کے ایونٹس 6 مقامات پر ہوں گے، 2015 کے بعد پہلی مرتبہ ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد ہو رہا ہے،پی ایس ایل کے انتظامات کو ہارس اینڈ کیٹل شو تک توسیع دی گئی ہے، ٹریفک کے ممعول کے انتظامات کا اچھی طرح جائزہ لیں، وزیر قانون نے کہا کہ فورٹریس سٹیڈیم اور اردگرد پارکنگ انتظامات کئے جاچکے ہیں تمام ادارے آخری لمحے تک آپس میں کوآرڈینیشن یقینی بنائیں،میلہ مویشیاں جاری جشن بہاراں کا حصہ اور عوام کیلئے تحفہ ہے،دن کے اوقات میں سٹوڈنٹس اور رات کو فیملیز کیلئے پروگرام ہوں گے، اجلاس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے نئے آلات کی خریداری کیلئے 500 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔











