اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی): پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف ملیکہ بخاری نے منگل کو فاطمہ جناح یونیورسٹی میں عالمی یوم نسواں کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی خود مختاری کے لیے ضروری ہے کہ وہ معاشی طور پر مضبوط ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے سےپہلے وعدہ کیا تھا کہ خواتین کو وراثت میں ان کا حق دلائیں گے۔ انہوں نے اپنا وعدہ پوراکیا۔ ہم خواتین کو وہ حقوق دیناچاہتے ہیں جو قرآن مجید کے مطابق اور ہمارے آئین میں درج اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں۔ اسلام نے خواتین کو جو حقوق دیئے یورپ کو ان کا خیال بہت بعد میں آیا۔ خواتین اس وقت بااختیار بنیں گی جب انہیں یکساں حقوق حاصل ہوں گے۔











