پشاور، 9مارچ(اے پی پی): صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ کھیلوں کے انعقاد سے معاشرے صحت مند رہتے ہیں، کھیلوں کے انعقاد سے اخوت، محبت و بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے، تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو فروغ دینا بھی دماغی نشوونما کیلئے بہت ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں فٹبال کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تندرستی ہزار نعمت ہے، یہ صدیوں پرانا مقولہ ہے اللہ تعالیٰ کی بے پناہ نعمتوں میں صحت و تندرستی ایک بیش بہا نعمت ہے۔
صوبائی وزیر کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو فروغ دینا بھی بہت ضروری ہے، دماغی نشوونما کے ساتھ ساتھ جسمانی نشونما بہت اہم ضرورت ہے، اگر ہم جسمانی نشونما نہیں کریں گے تو ہمارا جسم کمزور ہو جائے گا اور قوت مدافعت کم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی کھیل ہم میں سپورٹس مین سپرٹ، برداشت، ٹیم ورک اور منصوبہ بندی کا ہنر سکھاتے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کی بہتر صحت اور نشونما کی خاطر کھیلوں اور ورزش کو معمول بنایا کریں۔
صوبائی وزیر کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹس میں والدین خصوصی طور پر اپنے بچوں کو لے کر آئیں اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل کرائیں تاکہ بچے موبائل اور دیگر سوشل میڈیا سے نکل کر اپنی اچھی صحت کی فکر کرسکیں۔











