پاکپتن،09 مارچ ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا ہے کہ جشن بہاراں میں عوام کو تفریح کے بھر پور مواقع فراہم کیے جائیں، جشن بہاراں میں تمام ادارے بھر پور حصہ لیں اور اپنے اپنے دائرہ کار کے تحت جشن بہاراں کے پروگرام سے متعلق ایکشن پلان ترتیب دیں۔
یہ باتیں ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے جشن بہارا ں کی تقریبات کے انعقاد کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں، اجلاس کو جشن بہاراں کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا کہ جشن بہاراں میں کھیلوں، پھولوں، میوزیکل کے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا، عوامی دلچسپی کو مد نظر رکھتے کلچرل ڈے کی مناسبت سے ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں، جشن بہاراں کی تقریبات کو بھر پور طریقے سے منانے کیلئے تمام ادارے ثمرانہ کاوشیں کریں، جشن بہاراں کی تقریبات پر سیکورٹی امور کا ہر لحاظ سے خاص خیال رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا کہ تمام دارے مربوط حکمت عملی کے ساتھ جشن بہاراں کی تقریبات میں حصہ لیں اور عوام کو جشن بہاراں کی تقریبات میں تفریح کے بھر پور مواقع فراہم کریں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہم آصف ملک، اسسٹنٹ کمشنر پاکپتن شرجیل شاہد، اسسٹنٹ کمشنر کوارڈ سرمد حسین،ا سسٹنٹ کمشنر عارفوالہ اظہر طارق وٹو، ڈی اوہیلتھ ریاض احمد، ڈی او سپورٹس فیصل عمران وٹو، ڈی ڈی زراعت ریاض احمد، سی او ایم سی ملک جاوید اسلم سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔











