غیر ملکی سفارتکاروں کی بڑی تعداد جنوبی پنجا ب پہنچ گئی ،ترقیاتی منصوبوں کامعائنہ

38

ملتان،9مارچ  (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام برائے پاکستان اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے اشتراک سے دو روزہ ڈویلپمنٹ ڈائیلاگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ڈویلپمنٹ ڈائیلاگ میں شرکت کے لئے درجنوں غیر ملکی سفراء،اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے نمائندوں پرمشتمل وفود جنوبی پنجاب پہنچ گئے ہیں جن میں انٹرنیشنل ڈونرز، ڈویلپمنٹ پارٹرز بھی شامل ہیں۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غیر ملکی سفارتخانوں اور ہائی کمیشن کے سفارتکاروں اور افسران اتنی بڑی تعداد میں جنوبی پنجاب کے دورے پر پہنچے ہیں۔سفارتکاروں، یو این او کے ذیلی اداروں کے نمائندوں اور ماہرین، صوبائی اور وفاقی وزراءاور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز اور افسران پر مشتمل تین وفود تشکیل دئیے گئے ہیں۔  ان وفود نے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورے کئے،ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اور منصوبوں کو درپیش چیلنجز اور مالی و تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا جائزہ لیا۔

محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب ڈویلپمنٹ ڈائیلاگ کے انعقاد میں اول دستے کا کردار ادا کررہا ہے۔اس سلسلے میں ایک اعلی سطحی وفد نے سرکٹ ہاوس ملتان کا دورہ کیا اور بریفنگ میں شرکت کی۔کورین سفارت کار سوہ سنگ پیو Suh Sangpyo، سنگمن کم Sungmin Kim ،یو ایس ایڈ کے نمائندے مائیکل نہرباس Michael Nehrbass ،ورلڈ فوڈ پروگرام کی نمائندہ رتھیRithi، کامن ویلتھ کی نمائندہ ثناءضیا،یو این آفس برائے ڈرگز اینڈ کرائم کے نمائندے جیرمی ملسم Jeremy Milsom،یو این پراجیکٹ سروسز کی نمائندہ مریسیا زیپانسک Ms Marysia Zapansik اور یو این آر سی او پاکستان کے نمائندے شاہ ناصر خان وفد میں شامل تھے۔جنوبی پنجاب کے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عامر عقیق خان اور سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل نے وفد کا استقبال کیا اور بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے بتایا کہ 2017کی مردم شماری کے مطابق ضلع ملتان کی آبادی47 لاکھ45 ہزار نفوس پر مشتمل ہے جبکہ ضلع میں شرح خواندگی 72 فیصد اور غربت کی شرح 31.4 فیصد ہے۔اس موقع پر سوال جواب کا طویل سیشن بھی منعقد ہوا۔وفد کے شرکاءنے لوکل کی ورکنگ بارے مختلف سوالات کئے۔بعد ازاں وفد نے انسداد تشدد مرکز برائے خواتین کا دورہ کیا۔