صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فوٹریس سٹیڈیم میں نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو2022ء کا افتتاح کردیا

23

لاہور،10مارچ ( اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  جمعرات کو  یہاں  فوٹریس سٹیڈیم میں نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو2022ء کا افتتاح کردیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فوٹریس سٹیڈیم آمد پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا استقبال کیا۔ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو 2022ء کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔تلاوت قرآن پاک اورنعت رسول مقبولؐ کے بعد نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو2022ء کا باقاعدہ آغاز ہوا۔آرمی کے بینڈ نے خوبصورت دھنوں سے سماں باندھ دیا۔فوک ڈانس بھی پیش کیا گیا۔صوبوں کے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔سٹیڈیم میں موجود لوگ گھوڑوں اوراونٹوں کے رقص سے بہت محظوظ ہوئے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اوروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو 2022ء کے مختلف ایونٹس دیکھے اوران میں گہری دلچسپی کااظہارکیا۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کئی برس بعد نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو2022ء کے انعقاد پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو2022ء کے ذریعے شہریوں کو بہترین تفریح کاموقع فراہم کیا ہے۔نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو2022ء کے ذریعے پاکستان کی ثقافت کے دلفریب رنگوں کو بہترین انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو2022ء قومی یکجہتی اوربھائی چارے کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو2022ء کے لئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

صوبائی وزراء میاں محمود الرشید،میاں اسلم اقبال،سردار حسنین بہادر دریشک،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اوراعلی سول و عسکری حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔