سکھر،14فروری (اے پی پی ): سول ڈیفنس آرگنائزیشن میں طلباءو طالبات کی بطور رضاکار شمولیت کی مہم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ شمولیتی مہم کی تقریب وائے ٹو کے اسکول میں منعقد ہوئی۔اس تقریب میں سول ڈیفنس کے ڈپٹی کنٹرولر امیر الدین عباسی،ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان، میڈم شائستہ کھوسو،حاجی ریاض کھوکھر و دیگر نے شرکت کی،اس موقع پر ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان نے طلباءوطالبات کو فرسٹ ایڈ،ریسکیو، فائرفائٹنگ کی تربیت دی۔
مہمان خصوصی شائستہ کھوسو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے پرفتن دور میں ہمیں اپنے بچوں اور بچیوں میں خود اعتمادی و حوصلہ پیدا کرنے کی زیادہ ضرورت ہے،تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی سخت ضرورت ہے تاکہ وہ آج کے حالات سے مقابلہ کر سکیں۔اس کے لئے سول ڈیفنس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام اسکولز و کالجز میں سیلف ڈیفنس، ریسکیو، فرسٹ ایڈ،فائر فائٹنگ کے تربیتی ورکشاپ منعقد کئے جارہے ہیں،طلباءو طالبات کا بطور رضارکار شمولیت سے سول ڈیفنس آرگنائزیشن کی اہمیت اور کردار بڑھ جائے گا۔











