موجودہ تحریک صرف اس لئے ہے کہ عمران خان نے پوری قوم اور اداروں کو متحد کیا، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عُمر کا اسلام آباد میں سمندر پار پاکستانیوں کی تقریب سے خطاب

11

اسلام آباد۔14مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات اور مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی عمران خان کے دلوں کی دھڑکن ہیں،ن لیگ جی ٹی روڈ کی جماعت، پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے، اے این پی پختونخوا کے چند اضلاع کی جماعت ہے،عدم اعتماد کو چھوٹی چیز سمجھتا ہوں، اسے  ناکامی سے دوچار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو پاکستان تحریک انصاف اورسیز انٹرنیشنل چیپٹرز کے زیرِاہتمام کنونشن سنٹر میں جاری تین روزہ سمندر پار پاکستانیز کنونشن کے  دوسرے روز کے پہلے سیشن کی صدارت کرت ہوئے اپنے  کلیدی خطاب  میں کیا۔اسد عمر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی عمران خان کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ پاکستان میں اندرونی طور پر بے تحاشا چیلنجز ہیں ۔ پاکستان ایسے خطے میں واقع ہے جہاں کے اپنے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکا  ویتنام گیا، خطے پر سنگین اثرات مرتب ہوئے۔ عراق گیا تو شام میں تباہی آئی۔ افغانستان میں 2 عالمی طاقتیں آئیں، پاکستان پر بے پناہ اثرات مرتب ہوئے۔ پاکستان ایک ایسے بڑے ملک کا ہمسایہ ہے جہاں آر ایس ایس کی شدت پسندانہ سوچ کا غلبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 درختوں اور ایک کوے کے علاوہ بھارت نے بالا کوٹ میں کچھ نقصان نہیں  کیا تھا ۔  پاکستان تحفے میں نہیں ملا، اسلاف نے اس کے لئے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ اگر کامیاب ہونا ہے تو ملک کا متحد ہونا ضروری ہے۔ این سی او سی میں میں نے  لکھا  کہ پاکستانی جب بھی متحد ہوتے ہیں دنیا کے بڑے سے بڑے چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ ن لیگ جی ٹی روڈ کی جماعت اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے۔ اے این پی پختونخوا کے چند اضلاع کی جماعت ہے۔ خیبر سے کراچی تک ایک ہی جماعت ہے جو تحریک انصاف ہے ۔