اٹک،14 مارچ(اے پی پی): پنجاب کے ثقافتی دن کے حوالے سے حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلع اٹک میں ضلعی ہیڈ کوارٹر اور تمام تحصیلوں میں انتظامیہ کی کاوشوں سے خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم سندھوکی نگرانی میں تقریبات کے انعقاد کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مہرین بلوچ، سی ای او ایجوکیشن اٹک ملک محسن عباس اور ان کی ٹیم نے خصوصی و قابل ستائش کردار ادا کیا۔ ضلع بھر میں منعقد کی گئی ثقافتی تقریبات میں طلبہ و طالبات اور دیگر افراد نے پنجاب کی ثقافت کے رنگ کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا،حاضرین نے پنجاب کا روایتی لباس زیب تن کیا،تقریبات میں حاضرین کی روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی جس کو بے حد سراہا گیا۔بابا بلھے شاہ و وارث شاہ کے کلام لڈی ڈانس گھوڑا ڈانس روایتی کھانے اور دیگر کئی ثقافتی رنگوں کو اجاگر کئے گئے۔
تحصیل سطح پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے پنجاب کے ثقافتی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کی نگرانی کی۔اس موقع پر عوام نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا یہ احسن اقدام ہے جس کی وجہ سے ہم اپنی ثقافت کو سمجھ سکیں گے،پنجاب کی ثقافت عالمی اہمیت کی حامل ہے جس میں مہمان نوازی ایثار قربانی عزت پیار اور محبت ہے۔
پنجاب کے ثقافتی دن کے موقع پر ضلع کونسل ہال اٹک میں شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں حاضرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور تقریب کے آخر پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
قبل ازیں ثقافتی دن کی تقریبات کا آغاز ڈی سی آفس سے ریلی کی شکل میں کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نہیں سندھو اور رہنما پاکستان تحریک انصاف قاضی احمد پور سمیت دیگر افسران ومختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔
حضرو میں اسسٹنٹ کمشنر زوہیب احمد انجم اور چیف آفیسر مبارک علی اعوان کی نگرانی میں کلچرل ڈے کی مناسبت سے تقریب ہوئی اور پنجاب کے رنگ پیش کئے گئے ، معروف علمی و ادبی شخصیت محمد خالد خان کی سرپرستی میں بہترین مشاعرہ بھی ہوا جس میں شعراء کرام نے پنجابی میں اپنا کلام پیش کیا۔
کلچرل ڈے کے موقع پر ڈسٹرکٹ رپورٹر اے پی پی نثار علی خان سمیت دیگر صحافیوں کو بہترین کوریج پر سرٹیفکیٹس بھی پیش کئے گئے۔











