ن لیگ اور پی پی پی دور میں برآمدات 6.6 ارب ڈالرز  جبکہ رواں برس برآمدات میں 7.5 ارب ڈالرز اضافہ ہوا   ؛ وفاقی وزیر اسد عمر

29

اسلام آباد،15مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسدعمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور حکومت ، ترسیلات زر میں 14.8 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا،پاکستان کی ماحولیاتی پالیسی دیکھ کر عالمی برادری حیران رہ گئی ہے،ن لیگ اور پی پی پی دور میں برآمدات 6.6 ارب ڈالرز  جبکہ رواں برس برآمدات میں 7.5 ارب ڈالرز اضافہ ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام اسلام آباد میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم عمران خان کنونشن میں بطور مہمان خصوصی شریک ہے۔اسد عمر نے کہا کہ 25ملکوں سے آئے اوورسیز پاکستانیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں ، موجودہ دور میں ترسیلات زر میں 14.8 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا،انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کے سرے محل اور لندن جائیدادوں کی داستانیں سب جانتے ہیں ،کورونا وبا ءسے نمٹنے کیلئے ہماری پالیسیوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔

 اسدعمر نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی پالیسیوں کی برطانوی وزیراعظم نے تعریف کی ،وزیراعظم عمران خان آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے فیصلے کررہے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ رواں مالی سال برآمدات میں ساڑھے 7 ارب ڈالر اضافہ ہونے جارہا ہے ،گزشتہ سال ملکی تاریخ میں 4 فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ ہماری بہترین پالیسیوں سے آئی ٹی برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،ملکی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قوم کا متحد ہونا ضروری ہے ۔انہوں  نے کہا کہ عمران خان کی آواز پر ہرپاکستانی لبیک کہتا ہے، عمران خان نے ریاست کے ستونوں کو متحد کیا ۔