ملتان، 13 مارچ (اے پی پی ): ورلڈ ڈیلیریم ڈے کے حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کی ۔
شعبہ نیورو سرجری نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور نشتر کالج آف نرسنگ کے زیر اہتمام منعقدہ واک میں رجسٹرار شعبہ نیورو سرجری ڈاکٹر سلیم ، میڈم طاہر پرنسپل نرسنگ کالج سمیت ڈاکٹرز ، نرسز اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں ڈیلیریم سے متعلقہ آگاہی پیغامات درج تھے، واک کا آغاز کالج آف نرسنگ سے ہوا جو کہ حیات ظفر آڈیٹوریم پر اختتام پذیر ہوا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ڈیلیریم ایک ایسی طبی حالت کا نام ہے جو بنیادی طور پر توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے اور اس میں کسی بھی فرد کی توجہ میں اتار چڑھاؤ رونما ہوتا رہتا ہے۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اس اہم موضوع پر ورکشاپ کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور اس مرض کو روکنے اور بروقت تشخیص کے حوالے سے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔











