عمران خان اپنی ذات کیلئے نہیں عوام کیلئے سیاست کرتے ہیں اس لئے بلیک میل نہیں ہوتے ؛وفاقی وزیر اسدعمر

15

اسلام آباد،17مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ذات کیلئے نہیں عوام کیلئے سیاست کرتے ہیں اس لئے بلیک میل نہیں ہوتے،تحریک انصاف آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر مقابلہ کرے گی ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسد عمر نے کہا کہ عمرا ن  خان اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ قومی مفادات کیلئے  سیاست  کرتے  ہیں ، عمران خان نے کبھی ہارس ٹریڈنگ کی نہ ہی بلیک میلنگ کرتے ہیں ۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عمران خان عوامی لیڈر ہیں، پوری قوم ان کے ساتھ ہے ، عمران خان کبھی بھی قوم کو مایوس نہیں کریں گے ،اپوزیشن کی ہارس ٹریڈنگ پر اپنا قانونی و آئینی راستہ اختیار کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج لگانے کی کوئی بات نہیں ہوئی ،ہم  تصاد م چاہتے ہیں اور  نہ ہی کوئی غیر قانونی کام کریں گے ۔

  اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ  قوم کی بہتری کیلئے فیصلے کئے ، عمرا ن خان خودداری،انسانیت  اور غیرت کی بات کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ  عمران خان نے اسلامو فوبیا کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی  ہے ۔