سکھر:آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کا مطالبات کی حمایت میں پریس کلب سامنے احتجاجی مظاہرہ

108

سکھر،24مارچ (اے پی پی ): آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن سندھ ( آپکا) ضلع سکھر کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کلرکوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت صوبائی صدر مقبول احمد مہر ، ضلعی صدر محمد پناہ مہر، عبدالقیوم کھوسو و دیگرکر رہے تھے۔ پریس کلب کے سامنے مظاہرین نے دھرنا دیکر فلک شگاف نعرے بازی کی۔

اس موقع پرمذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے 15 فیصد ڈسپرٹی ریڈکشن الاؤنس  دینے کا اعلان کیا  ہے  جس پر دیگر صوبوں نے تو عمل شروع کردیا ہے اور نوٹیفکیشنز جاری کردیئے ہیں لیکن سندھ حکومت نے ابھی تک اس رلیف سے سرکاری ملازمین کو محروم رکھا ہوا ہے جو سندھ کے سرکاری ملازمین کے ساتھ زیادتی ہے۔ جب دیگر صوبوں کے سرکاری ملازمین کو سہولیات اور مراعات دی جارہی ہیں تو سندھ کے ملازمین کو کیوں محروم رکھا جارہاہے۔ نہ ٹائم اسکیل دیا جارہاہے نہ یوٹیلٹی الاو نس دیا جارہاہے، بھرتیوں میں ہماری اولادوں کو محروم رکھا جارہاہے، پروموشنز روکے گئے ہیں۔  انہوں نے  کہا کہ  حکومت سندھ فوری طور پر توجہ دے اور ہمارے مطالبات تسلیم کرکے جلد ان کا نوٹیفکیشن جاری کرے تاکہ سندھ کے سرکاری ملازمین میں پھیلی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔