ہلال احمر پاکستان مہمند برانچ کے زیر اہتمام بارودی مواد کے خطرات سے آگاہی کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

36

مہمند،30 مارچ (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان مہمند برانچ کے زیر اہتمام بارودی مواد کے خطرات سے آگاہی کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی تقریب غازی بیگ ماڈل سکول میں منعقد کی گئی۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میر خواص خان وزیر ،پراونشل پروگرام کوارڈینیٹر حماد یوسف، ڈسٹرکٹ سیکرٹری فوزی خان سمیت مقامی مشیران،پرنسپل اساتذہ،طلباء  اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ سیکٹری فوزی خان مہمند نے کہا کہ ہلال احمر پچھلے بارہ سال ضلع مہمند کے عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں اور ہم نے  ہر قسم کی قدرتی آفات میں اپنی بہترین خدمات پیش کی ہیں جس میں زلزلے،سیلاب،سانحہ زیارت اور اب کورونا ویکسینیشن شامل ہیں۔

پراونشل پروگرام کوارڈینیٹر برائے ضم اضلاع حماد یوسف نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں سے پورا خطہ اور خصوصا ًقبائلی اضلاع مختلف جنگوں کا شکار رہے جسکی وجہ سے ان جنگوں میں استعمال ہونے والی باقیات اب بھی موجود ہیں جسکی وجہ سے سینکڑوں حادثات رونما ہوچکے ہیں اسکی وجہ بارودی مواد کے بارے میں عوام میں آگاہی کا فقدان ہے،انہوں نے کہا کہ اس دن کے منانے کا مقصد معاشرے کے تمام طبقوں کو آگاہی دینا ہے تاکہ آئندہ ہم حادثات سے محفوظ رہیں۔اسکے لئے مختلف ٹیمیں دوردراز علاقوں میں جاکر عوام کو آگاہی دے رہی ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میر خواص خان وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے ساتھ آگاہی بھی بہت ضروری ہیں،انہوں نے کہا کہ مشیران،اساتذہ اور طلباء اپنے علاقوں میں آگاہی پھیلائیں کیونکہ یہ مواد اکثر کھلونے یا کسی دوسری شکل میں ہوتے ہیں، ہرقسم کی قدرتی آفات میں بہترین خدمات فراہم کرنے پر انہوں نے ہلال احمر مہمند برانچ کی تعریف کی اور انکو اپنی مکمل تعاون کا یقین دلایا۔تقریب کے اختتام پر فوزی خان نے مہمانوں کو  پی آر سی کی جانب سے خصوصی شیلڈ پیش کیے۔