بہاولنگر ۔31مارچ (اے پی پی):سیکرٹری فارسٹ ساؤتھ پنجاب سرفراز مگسی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں رمضان بازاروں کے قیام اور گندم کی خریداری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہیر عباس چٹھہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار گجر ،اسسٹنٹ کمشنر ارشد ورک، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اورمتعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ سیکریٹری ساؤتھ پنجاب نے ضلع بہاولنگر میں قائم رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونش کی دستیابی، آٹا، چینی، ایگریکلچر فئیر پرائس شاپس کے سٹالز کے قیام اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے حوالہ سے آگہی حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے بہاولنگر ضلع میں گندم خریداری کے حوالہ سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انتظامی افسران نے ضلع بھر میں رمضان بازاروں کے قیام اور اشیائے خوردو نوش کی مقررہ نرخ پر فروخت اور گندم خریداری کے حوالہ سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گندم خریداری کے انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں امسال گندم خریداری کا ہدف 3،40،000 میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے اورضلع میں 22 گندم خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں، نیز حکومت نے گندم کا نرخ 2200 روپے فی چالیس کلو گرام مقرر کیا ہے۔ بعد ازاں سیکرٹری فارسٹ ساؤتھ پنجاب نے رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہیر عباس چٹھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر ارشد ورک متعلقہ محکموں کے افسران ہمراہ تھے ،سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فارسٹ نے رمضان بازاروں میں اشیاء خورد نوش کے سٹالز، آٹا، چینی، چکن اور ایگریکلچر فئیر پرائس شاپ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں صارفین کی سہولت کے لیے اشیائے خورد و نوش عام مارکیٹس سے کم نرخ پر فروخت کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش پر سبسڈی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فعال انداز میں کام کریں۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے دس کلو گرام آٹا کا تھیلا 450 روپے میں فروخت کیا جائے گا ،اس پر حکومت کی جانب سے فی دس گرام آٹا کا تھیلا پر ایک سو پچیس روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان بازار میں چکن پر 12 روپے فی کلو کے حساب سے سبسڈی اور انڈے کی فی درجن فروخت پر 6 روپے کے حساب سے سبسڈی دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ میں 13آئٹمز جن میں سیب، کیلا، کھجور، امرود، لیموں،بھنڈی، کدو،ٹماٹر، آلو، پیاز، لہسن، دال چنا، بیسن کی کی فروخت پر سبسڈی دی گئی ہے تاکہ لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء خورد و نوش کے نرخ نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں نیز رمضان بازاروں میں صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازار کے انچارج اور دیگر متعلقہ سٹاف ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں۔\378











