اوکاڑہ،01اپریل )اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈی میں فروخت کے لئے لائے جانے والے پھلو ں و سبزیوں کے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میکا نزم پر گہری نظر رکھی جائے اور آنے والے دنوں میں ضلع میں پھل اور سبزیوں بہترین کوالٹی کے مطابق دستیاب رہنے چاہیں رمضان المبارک کے دوران پھلوں خصوصا کھجوروں کی تواتر سے سپلائی رہنی چاہیے تاکہ روزہ داروں کو بہتر ین پھل مقررہ نرخوں پر دستیاب ہو سکیں سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کا عملہ اپنے فرائض کو اس انداز میں ادا کرے کہ صارفین کو سہولت مل سکے اور سبزی منڈی میں صفائی ستھرائی سمیت کچرے کو روزانہ کی بنیاد ہر اٹھا کر محفوظ انداز میں تلف کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سبزی فروخت کے لئے سبزی و فروٹ لانے والے زمینداروں اور بیوپاریوں سے بھی بات چیت کی انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران عوامی سہولت کے لئے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں زمینداروں اور دوسرے شہروں سے پھل اور سبزی اوکاڑہ کی منڈی میں لے کر آنے والے بیو پاریوں کے لئے سہولت کے لئے مارکیٹ کمیٹی کا افسران اور عملہ ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں انہوں نے سبزی منڈی کے داخلی راستوں اور منڈی کے اندر صفائی ستھرائی کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔











