پاکپتن(اے پی پی)پنجاب کے اضلاع کی طرح پاکپتن میں بھی قائم رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کے لئیے ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی نے کنٹرول روم اور رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔
کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی نے ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمر سہیل کیفی اور دیگر ضلعی افسران کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے سستے رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی اشیاء ضروریہ کے معیار اور قیمتوں کو چیک کیا۔کمشنر ساہیوال نے آٹا چینی،گھی ،سبزی اور فروٹ سمیت دیگر سٹالز کا بھی معائنہ کیا۔کمشنر ساہیوال نے ضلعی افسران کو ہدایات جاری کیں کہ صارفین کو اشیاء خورونوش حکومت کی طرف سے دئیے جانے والے ریلیف پیکج کے مطابق فراہم کی جائیں۔کمشنر ساہیوال نے رمضان بازار میں آنے والے صارفین سے اشیاء ضروریہ کے معیار اور قیمتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔











