اٹک،10اپریل (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مہرین بلوچ کی زیر صدارت ڈینگی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر اے ڈی سی جی نے کہا کہ ہمیں موجودہ موسم میں ڈینگی کے خطرے سے آگاہ رہتے ہوئے اس کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ ہم اس سے مستقل طور پر محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس جان لیوا موذی مرض نے اس سے قبل بھی ملک کے بہت سے علاقو ں میں جانی نقصان کیا ہے،اس لئے ہمیں اس سے ہوشیار رہنا ضروری ہے۔
مہرین بلوچ نے کہا کہ عوام الناس کی آگاہی کے لئے تمام تر ذرائع کو استعمال کیا جائے۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ڈینگی کے تدارک کے لئے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں محکمہ صحت نے شرکاء کو سابقہ ہفتوں کی رپورٹس پیش کیں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوۓ اے ڈی سی جی نے کہا کہ وبائی امراض کو صرف عوامی شرکت سے ہی کنٹرول کیا جاسکتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ عوام الناس کو اس بارے میں مکمل آگاہی دی جائے تاکہ وہ اس کے متعلق حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمے ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق تمام اپنی تیاریاں بھرپور رکھیں اور مانیٹرنگ کی ذریعے تمام علاقوں میں جہاں کہیں بھی پانی کھڑا ہے وہاں سے اس کی نکاسی کریں او ر شہریوں کو بھی اس بارے میں بتائیں کہ وہ جہاں کہیں بھی اپنے علاقوں میں پانی کے گڑھوں وغیرہ کو دیکھیں فوری طور پر وہاں سے نکاسی کا اہتمام کریں اور متعلقہ محکموں کو فوری آگاہ کریں۔
انہو ں نے کہا کہ عوام خود اور اپنے بچوں کو اس جان لیوا بیماری سے بچانے کے لئے تمام تر حفاظتی انتظامات کو عمل میں لائیں۔اس معتدل موسم میں پوری آستینوں والے کپڑے پہنیں اور مچھر کی صورت میں مچھر مار لوشن کا استعمال کریں -شام کے اوقات میں خصوصی طور پر احتیاط کی جائے جہاں مچھروں کا خطرہ وہاں سے دور رہیں۔ اپنے گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔گھروں میں موجود گملوں اور دیگر ایسی اشیاء جہاں پانی کھڑا ہونے کا احتمال ہو ان کو فوری خشک کریں۔
انہوں نے اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کو اپنے فرائض دیانداری اور ایمانداری سے سرانجام دینے کی ہدایت کی۔
سورس: وی این ایس، اٹک











