اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف سنٹر نے پاکستان میں سپورٹ فوڈ سیکورٹی پراجیکٹ2022 کا آغاز کردیا، پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب پیر کو یہاں سعودی سفارت خانے میں ہوئی۔ تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی،چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ای ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور کنگ سلمان ہیومینٹیرین اینڈ ریلیف سنٹر پاکستان آفس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد ایم العثمانی کے علاوہ دیگر سعودی سفارتکاروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان میں ماہ رمضان کے دوران مستحقین کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی سعودی حکومت کی طرف سے تحفہ ہے، سعودی عرب کی حکومت ماضی میں بھی پاکستان میں مستحقین کو امداد فراہم کرتی رہی ہے، رمضان المبارک میں خورد ونوش کا یہ سامان کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی طرف سے دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ملکوں کی خوشحالی اور استحکام کے خواہشمند ہیں۔ سعودی سفیر نے کہا کہ ہم دونوں ملکوں کی خوشحالی اور استحکام کے خواہش مند ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے فراہم کردہ خوردونوش کا سامان ضرورت میں لوگوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو اسلامی اقدار سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے ہمیشہ ضرورت کے وقت پاکستان کی مدد کی ہے، 2005ء کے زلزلہ کے بعد سعودی حکومت نے پاکستان کی بے پناہ امداد کی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے فوڈ پیکجز کی فراہمی اور پاکستانی بھائیوں کی معاونت پر سعودی عرب کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ شاہ سلمان ریلیف سنٹر کی طرف سے دنیا کے 80 ممالک میں انسانی ہمدردی کے تحت امداد فراہم کی جارہی ہے، اس پراجیکٹ کے تحت پاکستان میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے چاروں صوبوں میں سال 2022ء میں 75 ہزار فوڈ پیکجز تین مراحل میں تقسیم کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میں ماہ رمضان کے دوران 25ہزار فوڈ پیکجز تقسیم کئے جائیں گے جس سے 1 لاکھ 75 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔ یہ فوڈ پیکجز صوبہ سندھ کے نو اضلاع، پنجاب کے تین اضلاع جبکہ گلگت بلتستان کے ایک ضلع میں زلزلہ متاثرین میں تقسیم کئے جائیں گے۔97 کلو وزنی پیکج 80 کلو آٹے، پانچ لٹر کوکنگ آئل، پانچ کلو چینی، پانچ کلو دال چنا اور دو کلو کھجوروں پر مشتمل ہے جو رمضان المبارک میں ایک خاندان کیلئے کافی ہے۔ دوسرے مرحلہ میں اس سال جولائی میں خیبرپختونخوا میں 25 ہزار فوڈ پیکجز تقسیم کئے جائیں گے جبکہ تیسرے مرحلہ میں اس سال اکتوبر میں پاکستان بھر میں ضرورت مند افراد میں فوڈ پیکجز تقسیم کئے جائیں گے۔پروگرام کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں تقسیم کی جانے والی رمضان باسکٹس(ٹوکریوں)کی تعداد 25 ہزار ہے، اس پروگرام سے ایک لاکھ 75 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔ تقسیم کی جانے والی ہر ایک باسکٹ کا وزن 97 کلوگرام ہے۔ رمضان باسکٹس کو ملک کے مختلف علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ان میں سے 19 ہزار باسکٹس صوبہ سندھ میں بدین، تھرپارکر، میرپور خاص، عمرکوٹ، سجاول، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، خیرپور اور گوٹکی میں تقسیم کی جائیں گی۔ صوبہ پنجاب کے مختلف مقامات پر 6 ہزار رمضان باسکٹس تقسیم کی جائیں گی جن میں راجن پور، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان کے اضلاع شامل ہیں جہاں دو دو ہزار باسکٹس تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ گلگت بلتستان میں سکردو کے علاقے میں حالیہ زلزلے کے متاثرین میں بھی ایک ہزار رمضان باسکٹس تقسیم کی جائیں گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کی حکومت رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں پاکستان میں سعودی سفارت خانہ کے ذریعے مختلف شہروں اور علاقوں میں رمضان باسکٹس تقسیم کرنے کے پروگرام پر عمل درآمد کررہا ہے۔











