ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پارلیمان میں موجود ہے، ان کے پاس اتھارٹی نہیں کہ وہ ان جعلی استعفوں کو منظور کریں جو ممبران نے دیئے بھی نہیں، مریم اورنگزیب

32

اسلام آباد،16اپریل  (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کو غیر آئینی رولنگ اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 کے تحت سزا ہونی چاہئے، ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پارلیمنٹ میں موجود ہے، ان کے پاس کوئی اتھارٹی نہیں کہ وہ ان جعلی استعفوں کو منظور کریں جو ممبران نے دیئے بھی نہیں۔

 ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جو استعفے سامنے آئے ان کا ٹیکسٹ بھی ایک ہے، کچھ کی فوٹو کاپی ہے اور ایک ہی فارمیٹ کے تحت تیار کئے گئے ہیں، یہ تمام استعفے غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کئی ارکان اسمبلی کہہ چکے ہیں کہ ہم نے استعفیٰ نہیں دیا جن کی تفصیلات بھی بہت جلد سامنے آ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ استعفے ملک کی سلامتی اور فارن پالیسی کو داؤ  پر لگاتے ہوئے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں، عمران خان اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن کے استعفے آئے ہیں انہیں معلوم ہے کہ یہ آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں اور عوام کو چار سال تک انہوں نے لوٹا ہے، اب لگتا ہے کہ اگلا استعفیٰ صدر مملکت کا آنے والا ہے۔

سورس: وی این ایس،اسلام آباد