ملتان، 22 اپریل (اے پی پی ): ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ پاپڑ کھار، مضر صحت کیمیکل سے تیار محلول سے پاپڑ تیار کرنے پر مظفر گڑھ روڈ پر فیکٹری کو 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ,کیمیکل ڈرمز میں سٹوریج، خام مال میں مردہ حشرات اور صاف پانی کا استعمال نہ کرنے پر پاپڑ فیکٹری کو جرمانہ کیا گیا ہے ،خانیوال میں اڈہ 12 اے ایچ میں کریانہ سٹور کو ملاوٹی سرخ مرچیں فروخت کرنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ہے اور انہوں نے کہا کہ ایکسپائرڈ ریسپی مصالحے، سویاں فروخت کرنے پر میاں چنوں میں کریانہ سٹور کو 20 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ہے ۔
شعیب خان جدون نے کہا کہ وہاڑی میں مصنوعی مٹھاس کی ملاوٹ، نامکمل لیبلنگ کرنے پر بوریوالا میں 2 سوڈا واٹر پلانٹس کو 12، 12 ہزار کے جرمانے کردیے گئے ہیں اور کہا کہ لودھراں میں سوڈا واٹر کی تیاری کھلے اجزاء کی ملاوٹ کرنے پر کہروڑپکا میں پلانٹ کو 14 ہزار جرمانہ کردیا گیا ہے ،ماہ رمضان میں سحر و افطار فوڈ سیفٹی ٹیمیں خوراک کے معیار کو چیک کررہی ہیں اور کہا کہ عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کریں گے۔میاں چنوں، بوریوالا اور لودھراں میں پاپڑ فیکٹریز، سوڈا واٹر پلانٹس، کریانہ سٹورز، بیکریز کی چیکنگ کی گئی ہے اور 150 لٹر ناقص محلول، 40 کلو ملاوٹی سرخ مرچیں، 48 لٹر غیر معیاری سوڈا واٹر، 12 کلو ایکسپائرڈ سویاں تلف کر دی گئی ہیں۔











