ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا عیدالفطر کے موقع پر گرینڈ صفائی پلان،900 مساجد اور11 گراؤنڈز میں صفائی کا ٹاسک

23

ملتان،25اپریل(اے پی پی):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عیدالفطر کے موقع پر گرینڈ صفائی پلان تشکیل دے دیاہے۔ڈپٹی کمشنر عامرکریم خان نے نماز عید کے پیش نظر کمپنی کو شہر کی 900 مساجد اور11 گراؤنڈز میں صفائی کا ٹاسک دیا ہے اور انتظامیہ اور ورکرز کو کہا ہے کہ عیدین کے موقع پر مثالی صفائی کی روایات کوبرقرار رکھا جائے۔

ڈپٹی کمشنر کے احکامات کے مطابق  سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے  عید صفائی پلان کے تحت شہر کو خوبصورت بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نماز عید کے پیش نظر مساجد جانیوالے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے اور سڑکوں اور گلیوں کے اطراف میں چونے کی لائنیں لگائی جائیں۔انہوں نے کہا ہے کہ شہر کی داخلوں شاہراہوں کی گرینڈ صفائی کی جائے اور شہر اولیاء کے معروف چوکوں اور گرین بیلٹس کو نکھارا جائے۔محمد فاروق ڈوگر نے کہا ہے  کہ عید کے ایام میں شہریوں کی  آمد کے پیش نظر قلعہ کہنہ قاسم باغ کی خصوصی صفائی کی جائے،اس کے علاوہ شہر کے پارکوں کے اطراف میں بھی بھرپور  صفائی ستھرائی کی جائے۔