چین کی حکومت اور عوام سے کراچی واقعہ پر تعزیت کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی چینی سفارت خانے میں گفتگو

71

اسلام آباد۔26اپریل  (اے پی پی):وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ چین کی حکومت اور عوام سے کراچی واقعہ پر تعزیت کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کراچی یونیورسٹی پر حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر غم اور تعزیت کا اظہار کرنے کے لئے چینی ناظم الامور پھینگ چنگ زو سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر احسن اقبال ، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ، وزیر مملکت  برائے خارجہ  امور حنا ربانی کھر اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بھی انکے ہمراہ تھے۔اپنے دورے کے دوران ، وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ سے تعزیت کا خصوصی پیغام بھی لکھا۔ انہوں نے چینی شہریوں کی موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے ’’آئرن برادرز‘‘ پر ہونے والے وحشیانہ حملے پر صدمے اور غم میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی حکومت ، چین کے عوام اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتاہے۔