عمران خان نے چار سال میں نیا پاکستان تو نہیں بنایا بلکہ پرانے کا بھی بیڑا غرق کردیا؛ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز

19

فیصل آباد، 7  مئی  (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ عمران خان وہ شخص ہے جس نے خود کش جیکٹ پہن رکھی ہے اور وہ آئین پر حملہ کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے چار سال میں نیا پاکستان تو نہیں بنایا بلکہ پرانے کا بھی بیڑا غرق کردیا،عام انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں اسلئے آنیولے وقت میں جب بھی انتخابی اصلاحات ہوتی ہیں فوری طور پر اتحادی جماعتوں اور تمام جمہوری قوتوں کی مشاورت سے آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کروادیئے جائیں گے جبکہ کچھ لوگ ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں مگر انہیں اس کوشش میں کامیاب نہیں ہونے دیا جا ئے گا۔

وہ ہفتہ کی سہ پہر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق میئر فیصل آباد چوہدری شیر علی کی رہائشگاہ پر آمد کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اشارے پر گورنر پنجاب مسلسل اپنی غیر قانونی حرکتوں میں مصروف اور قانون و آئین کو پاؤں تلے روندنا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کے غیر جمہوری اقدامات کے باعث ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کوایک ماہ تک جمہوری سربراہ کے بغیر رکھ کر تماشہ لگایا گیا لیکن ہم ان کا مقابلہ سیاسی میدان میں کریں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم عوام میں رہنے والے اور سیاسی لوگ ہیں اسلئے ہم انتقام نہیں لیں گے لیکن جس جس نے ملک و قوم کو لوٹا اور سرکاری اثاثوں کی بندر بانٹ کی اور لوگوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈالے اس کا حساب لینے کیلئے قانون حرکت میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چار سال انتقام کی سیاست کی لیکن ہم اس کے برعکس ہم اتحادی جماعتوں سے مل کر عوام کی فلاح کیلئے اقدامات کریں گے کیونکہ ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ نئے پاکستان میں عوام کوچینی، آٹے، اور ادویات کیلئے لائنوں میں لگنا پڑااور مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی مگر اب ہم اس کے ازالہ کیلئے اقدامات اورسیاسی میدان میں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے جنہوں نے چار سال میں جھوٹ بولنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت اور گورننس کے حوالے سے حکومت کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ہم ملک کو قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دوستوں کی مشاورت و رہنمائی میں عوامی خدمت کے سفر میں آگے بڑھیں اور 5.8 فیصد گروتھ ریٹ، اشیا سستی، بیروزگاری کے خاتمہ اور مزدور کو روزگار کی فراہمی ممکن بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود اللہ پاک ان کیلئے ضرور راستہ بنائیں گے اور انہوں نے عوامی خدمت کیلئے جو سوچ رکھا ہے اس میں انہیں کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی پریقین رکھتے تھے اور آئندہ بھی آئینی راستہ ہی اپنائیں گے۔

 قبل ازیں خصوصی طیارے کے ذریعے فیصل آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر وفاقی وزیر ایوی ایشن و ریلوے خواجہ سعد رفیق، ممبر قومی اسمبلی چوہدری عاصم نذیر، ممبر صوبائی اسمبلی ماجد ظہور، کمشنر فیصل آباد زاہد حسین، آر پی او عمران محمود، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، سی پی او غلام مبشر میکن نے ان کا استقبال کیا۔

 بعدازاں چوہدری شیر علی کی رہائشگاہ پہنچنے پر چوہدری شیر علی، ممبر صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل، عطا تارڑ، تاجر رہنما اسلم بھلی نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا خیر مقدم کیا اور انہیں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرنے سمیت ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سورس: وی این ایس، فیصل آباد