لاہور،8 مئی ( اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا ہے، عمران نیازی کی کرپشن کے ریکارڈ عوام کے سامنے آ رہے ہیں، دوسروں پر الزام لگانے والا عمران نیازی خود جھوٹا، چور اور سازشی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نیازی کی سیاست گالی سے شروع ہوتی ہے اور گالی پر ختم ہوجاتی ہے، آج کنٹینر پر کھڑے ہو کر کفر کے فتوے لگانے والے سے عوام 4 سال کا حساب مانگ رہے ہیں،میرے ساتھ سازش ہوئی ہے کا ڈرامہ اب نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ چار سال اقتدار میں رہنے والوں کے پاس کارکردگی بتانے کے لیے کچھ نہیں،اس لیے عمران خان نیازی کنٹینر پر کھڑے ہو کر جھوٹ اور الزام تراشی کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی بیہودہ کوشش کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو شہباز شریف کے وزارت عظمی کی کرسی پر پارلیمان اور عوام کے ذریعے بیٹھنے کا غم کھایا جا رہا ہے،آئینی طریقے سے ایک نااہل، چور اور کرپٹ وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجا گیا،پی ٹی آئی کے کسی رکن نے شہباز شریف کو وزارت عظمی کے لئے ووٹ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اتحادی ان کی چوری، کرپشن اور جھوٹ بولنے کی وجہ سے انہیں چھوڑ کر گئے،عمران خان نے چار سال عوام سے آٹا، بجلی اور گیس چوری کی،عمران خان نے مافیاز اور کارٹلز کے ساتھ مل کر عوام سے آٹا، چینی، گھی چوری کیا، نوجوانوں کو بے روزگار کیا۔
سورس: وی این ایس، لاہور











