لاہور،8 مئی ( اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافی برادری کو یقین دلاتی ہوں کہ ان کے مسائل حل کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پریس کلب کا جمہوری عمل میں کلیدی کردار ہے، گزشتہ 4 سالہ دور میں جب سنسر شپ اور صحافت پر قدغن لگائی گئی ،کئی پروگرام بند کئے اور کئی صحافیوں کی زبان بن کی گئی،صحافیوں پر تشدد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیے کردار ادا کرنے والے صحافیوں کے جذبہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،میں پریس کلب کی دعوت پر نہیں بلکہ خود آئی ہوں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا جاتا ہے پریس کلب میں تمام جمہوری جماعتیں آ کر اپنا اظہار خیال کرتی ہیں،گزشتہ چار سال اپوزیشن، پارلیمان اور میڈیا کی زبان بندی کی گئی، سینسر شپ کی گئی، میڈیا کے کئی پروگرامز بند کئے گئے، صحافیوں کو ان کے گھروں کے باہر گولیاں ماری گئیں، ہم ان تمام صحافیوں کے ساتھ کھڑے رہے۔انہوں نے کہا کہ اظہار رائے پر پابندی کے خلاف ہمارا سفر بیٹ رپورٹرز، کیمرہ مینوں، ورکنگ جرنلسٹس سمیت تمام میڈیا کے ساتھ اکٹھا تھا۔ نیب کورٹ، کوٹ لکھپت، اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ہمیشہ موجود رہتا تھا اور ہماری آواز عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تنقید بہتری کے لئے ہو تو ہمیشہ اسے قبول کیا ہے، اس تنقید کے بعد بہتری بھی لائی ہے۔انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے مسائل سے آگاہ ہیں، سیکریٹری انفارمیشن، پی آئی او نے ان کے مسائل نوٹ کرلئے ہیں جنہیں جلد حل کیا جائے گا۔
سورس: وی این ایس، لاہور











