ساڑھے 3برسوں میں پی ٹی آئی اداروں کی سپورٹ حاصل ہونے کے باوجود کارکردگی نہ دکھا سکی؛ وزیراعظم شہباز شریف

12

اسلام آباد،9مئی  (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے  کہا ہے کہ ساڑھے 3برسوں میں پی ٹی آئی اداروں کی سپورٹ حاصل ہونے کے باوجود کارکردگی نہیں  دکھا سکی ہے ، گزشتہ حکومت میں ملک کے مجموعی قرضوں کی شرح میں 80 فیصد سے زائد کا اضافہ کرکے آئندہ آنے والی نسلوں کو بھی گروی رکھ دیا گیا ہے ۔

 پیر کو قومی اسمبلی  اجلاس میں خطاب  کرتے  ہوئے     وزیراعظم شہباز شریف نے   کہا کہ   میں بلاخوف و تردد یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس مقتدر ادارے نے  سابق حکومت کی بھرپور سپورٹ کی  مگر اس کے باوجود یہ  بری طرح ناکام ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس کے مقابلے میں کسی اور حکومت کو اس طرح کی سپورٹ حاصل ہوتی تو ملک کو ترقی کے پر لگ جاتے۔ انہوں نے کہا کہ جو زبان استعمال کی گئی ہے اس کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے نہ روکا گیا تو بھونچال آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جمہوریت کے مقابلے میں کوئی اور نظام آگیا تو یہ خطرناک ہوگا۔ انہوں  نے کہا کہ اس سازش کا نوٹس نہ لیا گیا اور صورتحال قابو سے باہر ہوگئی تو پھر کچھ نہیں بچے گا۔