خیرپور؛ انسداد پولیو مہم 23 مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ ، 4 لاکھ 98 ہزار بچوں کو  قطرے پلانے جائیں گے

17

خیرپور،10مئی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر خیر پور سیف اللہ ابڑہ نے کہا کہ انسداد پولیو مہم 23 مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 4 لاکھ 98 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے جائیں گےجبکہ مہم 30 مئی تک جاری رہے گی۔

پولیو مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑہ کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔  اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انسداد پولیو مہم 23 مئی سے شروع کی جائے گی جو 30 مئی تک جاری رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ اوز کو ہدایت دی کہ مائیکرو پلان اور انڈیکیٹرز سمیت دیگر مسائل پر خاص توجہ دینے کے ساتھ فیلڈ میں کام کے دوران ہر سطح پر رابطے میں رہا جائے، جھوٹ پر مبنی رپورٹنگ کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے سپروائزرز کو سختی سے ہدایت کی کہ نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور تمام تر ریکارڈ وقت مقررہ پر ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑہ نے ٹی ایچ اوز کو ہدایت دیں کہ صحت مراکز میں سرکاری ڈاکٹرز کی تعیناتی کو زیادہ توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ تمام تر امور کو اونر شپ دی جائے تاکہ فوائد حاصل ہوسکیں۔

اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر رحمت اللہ سولنگی اور ڈی پی سی آر کے نمائندے راجیش جے پار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم 23 تا 30 مئی تک جاری رہے گی جس کے لیے 498506 بچوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں  رینجرز کے میجر حبیب سمیت ٹی ایچ اوز، اے ڈی ایچ اوز، پی پی ایچ آئی، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، پولیو ٹاسک فورس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔