لاہور، 15 مئی ( اے پی پی ):وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے چیف منسٹر ریلیف پیکیج کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے، گھی اور چینی سستا کرکے عام آدمی کو حقیقی ریلیف دیں گے، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اعلی سطحیٰ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی پیکیج کے خدوخال کا جائزہ لیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہبازنے کہا کہ افسوس عمران نیازی صرف سہانے خواب دکھاتے رہے۔جس دن سے عہدہ سنبھالا ہے، عام آدمی کی آسانی کیلئے مہنگائی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں۔انہوں نے کہا کہ افسران کو گرانفروشی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے، اضلاع میں دورے کر کے خود اشیائے خورد ونوش کے نرخ چیک کروں گا۔
وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کی خدمت کے سوا ہماری کوئی ترجیح نہیں ، افسران اور سرکاری اہلکار اللہ کی رضا کے لئے مہنگائی کوکم کرنے لئے اپنا بھرپور کر دار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ ریلیف پیکیج اللہ تعالٰی کی مخلوق کو راضی کرنے کی حقیر سی کوشش ہے۔
اراکین پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، ندیم کامران، چودھری محمد اقبال، بلال یاسین، رمضان صدیق بھٹی، ذیشان رفیق، ٹکٹ ہولڈر حافظ محمد نعمان، مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
سورس: وی این ایس، لاہور











