اسلام آباد،24مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا کہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے آج اس بحران کا مل کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ اور دیگر وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ آج وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا انتہائی اہمیت کا حامل تھا، 2014ء میں پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کا مقصد پاکستان کی سیاست اور معیشت کو تباہ کرنا تھا، پھر ان کے پونے چار سالہ دور حکومت میں آئین میں اصلاحات کے نام پر متنازعہ قانون سازی ہوئی، ملک معاشی و اخلاقی پستی کی طرف گیا، ان کے اپنے اتحادیوں نے ملک کی معاشی، سیاسی صورتحال کے پیش نظر ان پر عدم اعتماد کیا اور ایک غیر آئینی طریقے سے بنی حکومت کو ایک آئینی طریقے سے رخصت کیا، اب جب تمام سیاسی جماعتیں جن کے نظریات اور فکر ایک دوسرے سے مختلف ہے وہ صرف اس بنیاد پر اکٹھے ہوئے ہیں کہ پاکستان میں معاشی، سیاسی بحران پیدا ہوا ہے اور جس طرح عمران خان نے عوام کو منتشر اور گمراہ کیا اور انتشار اور فساد پھیلایا، اس کے پیش نظر ہم نے ضرورت محسوس کی کہ ہم اگر مل کر اس بحران کا مقابلہ نہیں کریں گے تو پاکستان کے عوام کو درپیش مشکلات کا مداوا نہیں کر سکیں گے تو شاید ہم بھی مجرم ثابت ہوں، آج وزیر خارجہ اور پاکستان کی حکومت بین الاقوامی دنیا کو متوجہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان دنیا کو یہ پیغام دینے کیلئے اسلام آباد آ رہا ہے کہ پاکستان میں بے یقینی کی صورتحال ہے، سپریم کورٹ، پارلیمان اور پی ٹی وی سنٹر پر بھی پاکستان تحریک انصاف نے دھاوا بول دیا تھا، ہمارا واضح پیغام ہے کہ پرامن احتجاج کی اجازت ہو گی لیکن انتشار اور خونریزی کی کبھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت اور سپیکر کا رویہ بھی سب کے سامنے ہے، ہمیں اس قوم کی معاشی صورتحال کے حوالے سے جو مشکلات درپیش ہیں اس حوالے سے اگر کوئی ہماری کوئی مدد کر سکتا ہے تو ہم ان کا خیرمقدم کریں گے، ملک کی معاشی صورتحال کی بہتری کی راہ میں اگر کوئی خلل ڈالے گا تو ہمیں جو فیصلے کرنا پڑیں گے وہ کریں گے۔











