خونی مارچ روکنے کےلئے  اقدامات کا مقصد ریاست کو  مضبوط کرنا ہے؛ ڈاکٹر مصدق ملک 

10

اسلام آباد،25مئی  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم  ڈاکٹر مصدق ملک  نے کہا ہے کہ انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق لانگ مارچ  کو خونی مارچ میں بدلنے کے لئے اسلحہ اکٹھا کیا جا رہا ہے ،خونی مارچ روکنے کےلئے  اقدامات کا مقصد ریاست کو  مضبوط کرنا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ  میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم  ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ملک کےہر شخص کو آزادی حاصل ہے کہ وہ پر امن احتجاج کرے ،  پر امن احتجاج سب کا آئینی حق ہے لیکن کسی کو انتشار اور فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وہ ایک ہفتہ سے تقاریر کررہے ہیں کہ  احتجاج خونی ہو گا، اس کے باوجود عمران خان  کے رفقا اور ان کے دوست کہہ رہے ہیں کہ وہ انقلابی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پورے  ملک میں احتجاج کئے ، کسی نے ان کو نہیں روکا کیونکہ پر امن احتجاج سب کا حق ہے۔ جب ہمیں انٹیلی جنس رپورٹ سے خبر ملی ہے کہ اسلام آباد مارچ کے لئے وہ   اسلحہ اکٹھا کررہے ہیں تو اس عمل سے ملک کے اندر انارکی پھیلے گی۔ مصدق ملک نے کہا کہ ان کا جب دور حکومت تھا تو آئینی تھا لیکن اب جب آئینی حکومت  قانونی طریقے سے آئی ہے تو ان کے خلاف قتل غارت  اور خون بہانے  کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ ہم انہیں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہاں پر جو احتجاج کے  لئے آ رہے ہیں انہوں نے خود کہا کہ یہ مارچ قتل غارت اور خونی ہو گا۔

 وزیر مملکت برائے پٹرولیم  ڈاکٹر مصدق ملک    نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کانسٹیبل کو گولی مار کر شہید کردیا،کیا یہ اتفاق تھا  ۔ انہوں نے کہا  کہ ان کے جنرل سیکرٹری کے گھر سے اسلحہ برآمد ہواہے ،کیا یہ بھی اتفاق ہے ۔  یہ ملک کو فساد اور انارکی کی طرف لے کر جا  رہے ہیں۔ جب کوئی ملک کسی دوسرے ملک پر حملہ آور ہوتا ہے تو ایسے جتھوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ 2014 میں انہوں نے  پی ٹی وی کی دیوار توڑ دی اور 4 روز تک سیکرٹریٹ کو بند کردیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ جب عدالت نے پاکستان  تحریک انصاف سے  پر امن احتجاج کے حوالے سے تحریر مانگی تو  ان کے جنرل سیکرٹری نے  انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح اسلحہ بردار جتھے  اور وحشت  کو افغانستان نے بھی دیکھا ہے۔ اس وقت حکومت جو بھی اقدامات کررہی ہے   وہ لوگوں کی جان و مالی کی حفاظت ، ریاست کو مضبوط  کرنے، انتشار ، فساد اور انارکی روکنے   کے لئے  ہیں۔